کارکنوں کو گرفتار کرنیوالے 26 جولائی کو جیلوں میں ہونگے، شہباز شریف

لاہور: پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کے کارکنوں کو گرفتار کرنے والے 26 جولائی کو جیلوں میں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف ملک بچانے آرہے ہیں، آج سب لوگ ان کے استقبال کیلئے باہر نکلیں۔ اس سے قبل لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس کو واضح کہنا چاہتا ہوں کہ ظلم و زیادتی روک دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وقت ایک جیسا نہیں رہتا، جب ہماری حکومت آئے گی تو آپ کے ساتھ زیادتی نہیں کریں گے بلکہ انصاف کے کٹہرے میں لے کر آئیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پولیس نگران وزیراعلیٰ اور دیگر کی ہدایت پر ہمارے کارکنان کو گرفتار کر رہی ہے اور یہ گرفتاریاں انتخابات سے قبل دھاندلی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف اہلیہ کی شدید بیماری کے باوجود پاکستان آرہے ہیں جن کا فقید المثال استقبال کیا جائے گا تاہم اس سے قبل راولپنڈی میں سیکڑوں افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور کارکنوں کو ایم پی او کے تحت بند کیا گیا، یہ سب الیکشن کو داغدار کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو دیوار سے لگایا جارہا ہے، ذمے دار کان کھول کر سن لیں، وقت ایک سا نہیں رہتا، جتنی دھاندلی کرلیں ہم 25 جولائی کا انتخاب جیت رہے ہیں۔

(ن) لیگ کے صدر نے کہا کہ ہمارا کل کا پروگرام پرُامن ہے، اس کے باوجود کارروائیوں کا مطلب ہے دال میں کچھ تو کالا ہے جب کہ عمران خان لاہور میں جلسہ کر رہے ہیں اور ہمارے لیے دفعہ 144 نافذ ہے۔