لاہور:نگران حکومت کی جانب سے نواز شریف اور مریم نواز کے استقبال کو روکنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، شہر میں جگہ جگہ کینٹینر کھڑے کئے جا رہے ہیں جبکہ مسلم لیگی کارکنوں کی گرفتاریوں کے لئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے ، نگران حکومت نے لاہور میں آج موبائل فون سروس بھی بند کرنے کا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پی ٹی اے کو درخواست بھجوا دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزدای مریم نواز کی لاہور آمد کے موقع پر مسلم لیگی کارکنوں کے استقبال کی تیاریوں کے حوالے سے حکومت نے کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے بچنے اور استقبال روکنے کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں ، اس سلسلہ میں حکومت نے آج لاہور کے اکثر علاقوں میں موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ، محکمہ داخلہ نے پی ٹی اے کو درخواست بھی بجھوا دی ہے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق موبائل فون سروس کینٹ ڈویژن اور اندرون شہر کی حدود میں بند کی جائے گی،جلسوں کے داخلوں اور جلسہ گاہ کی حدود میں موبائل فون سروس بند کی جائے گی۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اندرون شہر اور کینٹ ڈویژن کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی موبائل سروس بحال رہنے کا امکان ہے جبکہ نگران حکومت نے موبائل فون سروس صبح 12 سے رات 12 بجے تک بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔