لاہور:پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ انتخابات کے انعقاد تک احتساب کا عمل روکنا چاہیے،سزایافتہ نواز شریف کے استقبال کو روکنا قانون کے مطابق ہے ۔
ہارون بلور کی شہادت پر بلور خاندان سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اعتزاز احسن نے کہا کہ ہارون بلور سیاست کا چمکتا ستارہ تھا، ان کے والد بشیر بلور مشکل حالات میں دہشت گردی کے خلاف کھڑا رہا،بشیر بلور کا بیٹا بھی بہادر ثابت ہوا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اے این پی کی طرح پیپلز پارٹی نے بھی دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیاں دی ہیں،بے نظیر بھٹو نے بھی دہشت گردی کا مردانہ وار مقابلہ کیا۔
پی پی رہنما نے یہ بھی کہا کہ انتخابات تک احتساب کے عمل کو موخر کرنا چاہیے، احتساب ضروری ہےلیکن وہ آئین و قانون کے مطابق غیر جانبدارانہ ہوناچاہیے۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کی گرفتاری کے حوالے سے ان کا کہناتھاکہ ن لیگی قائد کا گرفتاری کےلئے وطن واپس آنا اچھی بات ہے، میاں صاحب کو تعظیم کے ساتھ گرفتار کیاجائے ،سزایافتہ شخص کے استقبال کو روکنا قانون کے مطابق ہے ۔