کراچی:پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور رہنماؤں کی گرفتاری پر سوال اٹھادیا۔
اپنے بیان میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ احتساب عدالت سے سزا کے بعد نوازشریف کی گرفتاری سمجھ میں آتی ہے لیکن مسلم لیگ ن کے کارکنوں اور رہنماوں کو کیوں گرفتار کیا جارہا ہے؟
بلاول بھٹو نے سوال اٹھایا کہ لاہور کو کیوں محصور کیا گیا ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ پُرامن احتجاج جمہوریت میں بنیادی حق ہے۔
علاوہ ازیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بلور ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے گزشتہ دنوں خود کش دھماکے میں جاں بحق ہونے والے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ہارون بلور کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان کے علاقے مستونگ اور بنوں میں اکرام درانی کے قافلے پر ہونے والے دھماکوں کی بھی مذمت کی اور کہا کہ امیدواروں پر دہشت گرد حملے بہت خطرناک رحجان ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کسی اور ملک میں یہ حالات ہوتے تو ترجیح مجموعی صلاحیت یکجا کرنا ہوتی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتخابی امیدواروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے پوری قوم اور اداروں کو متحد ہونا پڑے گا۔