غزہ:اسرائیلی فضائیہ نے غزہ کی سرحد کے قریب شدید بمباری کی ہے جبکہ قابض فوج کی فائرنگ سے 2 کم عمر فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کے جنگی جہازوں نے غزہ کی سرحد کے قریب علاقوں میں متعدد مقامات پر بم برسائے۔ 2014 کی جنگ کے بعد اسرائیل کا یہ اب تک کا غزہ کی پٹی پرسب سے بڑا حملہ ہے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس کی جانب سے راکٹ فائرکئے جانے کے جواب میں حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
صیہونی فوج نے تحریری بیان میں کہا ہے کہ غزہ سرحد کے قریب حماس کے 40 سے زائد ٹھکانوں پر بمباری کی گئی جبکہ 2 سرنگوں کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب فلسطینی مظاہرین پراسرائیلی فوج کی وحشیانہ فائرنگ کے نتیجے میں مزید 2 فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے جس کے بعد اسرائیلی قابض فوج کے ظلم سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 140 ہوگئی ہے۔
تازہ مظاہرے میں اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں خواتین اورنوعمرلڑکیاں بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کی تعداد 200 سے زائد ہے جن میں بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔