ترکی نے2سال پرمحیط ایمرجنسی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا

 

انقرہ : ترکی کے صدارتی ترجمان ابراہیم کالن نے اعلان کیا ہے کہ جولائی 2016 میں بغاوت کی ناکام کوشش کے بعد سے ملک میں نافذ ایمرجنسی میں 18 جولائی کے بعد توسیع نہیں ہو گی، تاہم دہشت گردی کے خلاف جاری عسکری کارروائیوں میں کوئی کمی نہیں لائی جائے گی۔

T

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک کابینہ کے اجلاس کے بعد ترک صدارتی ترجمان کا کہنا تھا کہ حالیہ نافذ العمل ہنگامی حالت کا اختتام 18 جولائی کی شام ہو رہا ہے اور صدر اس میں توسیع کا ارادہ نہیں رکھتے ۔ کالن نے مزید کہا کہ انسداد دہشت گردی کا عمل موجودہ قوانین کے تحت جاری رہے گا، البتہ غیر معمولی حالات میں ایمرجنسی کو ایک بار پھر نافذ کیا جا سکتا ہے ،

ترکی میں نئے صدارتی پارلیمانی نظام کے نفاذ کے بعد کابینہ کے پہلے اجلاس کے بعد یہ اعلان کیا گیا ہے۔واضح رہے ترکی کے حکام نے ملک میں بغاوت کی ناکام کوشش کے بعد 20 جولائی 2016ء کو 3 ماہ کے لیے ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا،اس کے بعد سے ہنگامی حالت کی مدت میں بنا کسی وقفے کے توسیع کی جاتی رہی،جولائی 2016ء میں نافذ کردہ اس ہنگامی حالت کی مدت میں مجموعی طور پر حکومت نے 7 مرتبہ توسیع کی تھی۔