زمبابوے کے شہر بلاوائیو میں پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو نو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔
پاکستان نے 195 رنز کا ہدف 37 ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔
فخرزمان نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 14 چوکوں کی مدد سے اپنے ایک روزہ کیریئر کی دوسری سینچری بنائی۔ وہ 117 کے انفرادی اسکور کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اورمین آف دی میچ کے حقدار قرار پائے۔
پاکستان کی واحد وکٹ 119 کے اسکور پر گری جب امام الحق 44 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اوران کی پوری ٹیم 50 ویں اوورمیں 194 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
زمبابوے کی جانب سے مساکادزا 59 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ پیٹرمورنے بھی 50 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستانی بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ عثمان شنواری نے4 ، حسن علی نے 3 اورشعیب ملک نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ 2 کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔
زمبابوے کی اننگز کا آغازاچھا نہ تھا اور تین کے مجموعی اسکور پر برائن چری عثمان شنواری کی گیند پر سرفرازاحمد کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔ انھوں نے صرف ایک رن بنایا۔
18 کے مجموعی اسکورپرزمبابوے کی دوسری وکٹ گری جب چیمو چبھابھا 7 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے۔
ابتدائی نقصان کے بعد مساکادزا اورمساکاندا کے درمیان 62 رنز کی پارٹنرشپ ہوئی اورزمبابوے کی اننگز کو سہارا ملا۔
80 کے مجموعی اسکورپرحسن علی نے 24 کے انفرادی اسکور پر مساکاندا کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے پاکستان کو تیسری کامیاب دلائی۔
ہملٹن مساکادزا نے پانچ چوکوں اورایک چھکے کی مدد سے اپنے ایک روزہ کیریئرکی 34 ویں نصف سینچری مکمل کی اور59 رنز بنا کر شعیب ملک کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
ریان مرے 16 رنز بنا کرحسن علی کی دوسری وکٹ بنے۔
166 کے مجموعی اسکورپرعثمان شنواری نے ٹریپینو اورلیام روچے کو لگاتا دو گیندوں پر آؤٹ کر دیا۔
ویلنگٹن مساکادزا 12 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ مور 85 گیندوں پر دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنا کر حسن علی کی تیسری وکٹ بنے۔
آخری آؤٹ ہونے والے بیٹسمین چٹارا تھے جنھیں فخر زمان نے رن آؤٹ کیا۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے جمعہ کو بلاوائیو میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے 201 رنز کے بڑے مارجن سے فتح اپنے نام کی تھی۔
اس میچ میں زمبابوے کی ٹیم پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 309 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 35 اوورزمیں 107 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی۔