پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے مالی سال کےبجٹ کی منظوری دے دی

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ نے نئے مالی سال کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں 6 ارب 40کروڑ روپے کا سرپلس بجٹ منظور کیا گیا جس میں 5 ارب70 کروڑ روپے کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا تاہم پاکستان سپر لیگ اس میں نہیں شامل ہے۔

چیئرمین نجم سیٹھی کی زیر صدارت پی سی بی گورننگ بورڈ کا اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوا۔اجلاس کے ایجنڈے میں سب سے اہم نئے مالی سال کا بجٹ تھا جس کی منظوری دی گئی۔

پی سی بی اعلامیے کے مطابق نئے مالی سال کی آمدن گزشتہ مالی سال کی2 ارب اناسی کروڑ روپے سے 133 فیصد زائد ہےجبکہ 916 اعشاریہ تین چھ ملین ڈومیسٹک کرکٹ پر خرچ کئے جائیں گے جو گزشتہ بجٹ سے 89 فیصد زائد ہیں۔

منظور شدہ بجٹ میں کرکٹ ڈویلپمنٹ، ٹیلنٹ ہنٹ، اکیڈمیز وغیرہ پر ایک ارب خرچ کرنے کا تخمینہ ہے جبکہ کراچی، راولپنڈی اور ملتان کے کرکٹ اسٹیڈیمز کے علاوہ لاہور، ملتان اور کراچی کی اکیڈمیز کے انفرا اسٹرکچر کے لیے 2ارب 66 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

اجلاس میں چیئرمین پی سی بی نے اپنی رپورٹ پیش کی جبکہ آئی سی سی قوانین کے مطابق گورننگ بورڈ کے رکن منصور مسعود کی آئی سی سی میں متبادل ڈائریکٹر کے طور پر منظوری دی گئی اور منصور مسعود چیئرمین کی عدم موجودگی میں آئی سی سی اجلاس میں شریک ہوں گے۔