رانچی: بھارتی ریاست جھاڑکھنڈ کے علاقے ہزاری باغ میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد نے ایک ساتھ خود کشی کرلی۔بھارتی ٹی وی کے مطابق ہزاری باغ میں ایک اپارٹمنٹ سے 70 سالہ مہاویر، ان کی اہلیہ 65 سالہ کرن، ان کے 40 سالہ بیٹے نریش پرساد، ان کی 38 سالہ بہو کریتی اور 10 اور 8 سالہ پوتے امن اور اتن کی لاش ملی ہے۔ مہاویر کریانے اور خشک میوہ جات کا کاروبار کرتے تھے۔لاشوں کو ہزاری باغ کے ضلعی ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کردیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مہاویر، کرن اور کریتی کی لاشیں اپارٹمنٹ میں لٹکی ہوئی پائی گئی تھیں، نریش نے فلیٹ کی بالکونی سے چھلانگ لگائی تھی اور ان کی لاش اپارٹمنٹ کے داخلی دروازے پر پائی گئی جبکہ دونوں بچوں کا گلا تیز دھاری آلے سے کاٹا گیا تھا۔اس المناک حادثے کے بارے میں اس وقت پتہ چلا جب اپارٹمنٹ کے رہائشیوں نے نریش کی لاش کو داخلی دروازے پر دیکھا جس کے بعد انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق مہاویر نے ایک قریبی رشتہ دار کو بتایا کہ اس پر 50 لاکھ روپے کا ادھار ہے جبکہ اسے کاروبار میں بھی نقصان ہورہا ہے۔پولیس نے خاندان کے کاروبار کے حوالے سے دستاویزات حاصل کرتے ہوئے انہیں تحقیقات کا حصہ بنا لیا ہے۔