واشنگٹن:امریکا میں ایک روسی خاتون کو جاسوسی کرنے کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق 29 سالہ روسی خاتون ماریہ بوٹینا کو سیاسی جماعتوں میں شمولیت حاصل کر کے روس کے لئے امریکا کی جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتارکرلیا گیا ہے۔
خاتون پرالزام ہے کہ وہ ماسکو کے ایک اعلیٰ عہدیدار کی ہدایت پر امریکا کی جاسوسی کرتی تھی تاہم ابھی خاتون کے خلاف چارج شیٹ پیش نہیں کی گئی ہے۔
امریکی انٹیلی جنس ادارے کے حکام کا کہنا ہے کہ روسی خاتون کی سرگرمیاں مشکوک تھیں وہ امریکی سیاست دانوں پراثرانداز ہونے کے لیے سیاسی جماعتوں میں شمولیت اختیارکر کے سیاست دانوں کی قربت حاصل کرنے کی کوشش کرتی تھی تاکہ قومی راز تک رسائی حاصل کرسکے اوروہ یہ سب روس کے مفاد کے لئے کرتی تھی۔
واضح رہے کہ مذکورہ روسی خاتون ماریہ بوٹینا 2016 سے تعلیمی ویزے پرامریکا میں مقیم ہے تاہم اسے روسی ایجنٹ ہونے پرگرفتاراس وقت کیا گیا ہے جب امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ اورروس کے صدر پوٹن کے درمیان تاریخی ملاقات ہوئی ہے۔