ماسکو: ماسکو میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے فائنل میچ کے دوران میدان میں گھس کر احتجاج کرنے والے 4افراد کو 15دن جیل کی سزا سنا دی گئی ہے۔
ماسکو میں کروشیا اور فرانس کے درمیان کھیلے گئے ورلڈ کپ فائنل کے دوسرے ہاف میں اس وقت عجیب و غریب مناظر دیکھنے کو ملے جب 4 افراد میدان میں داخل ہو گئےاور ان کی مداخلت کی وجہ سے میچ 25 سے 30سیکنڈ تک روک دیا گیا جبکہ انہی میں سے ایک خاتون فرانس کے کھلاڑی کائلیان ایمباپے تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئی۔
تاہم ان کے مرد ساتھی کو کروشیا کے دفاعی کھلاڑی دیجا لوورین نے پکڑ لیا ،پولیس کی طرح سفید اور کالے لباس میں ملبوس ان تمام افراد کو سیکیورٹی حکام فوری طور پر پکڑ کر میدان سے باہر لے گئے اور ان چاروں افراد کو پولیس اسٹیشن میں رات گزارنی پڑی، جس کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیا گیا جہاں جج نے مذکورہ بالا الزامات کی روشنی میں ان افراد کو 15دن جیل کی سزا سنانے کے ساتھ ساتھ 3سال تک کسی بھی کھیلوں کے مقابلوں کے دوران اسٹیڈیم میں داخلے پر پابندہ عائد کردی۔