لاوائیو: قومی کرکٹ ٹیم نے تیسرے ایک روزہ میچ میں بھی زمبابوے کے 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی ہے اوراپنا 28 سال پرانا ریکارڈ توڑکرنیا ریکارڈ بنالیا ہے۔
کوئنزاسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے گرین شرٹس کو جیت کے لئے 68 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں اوپننگ بلے بازامام الحق پہلے اوور کی پہلی ہی گیند پربغیرکوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔
تیسرے نمبر پرکھیلنے کے لئے بابراعظم کریز پرآئے اورفخرزمان کے ساتھ مل کر ٹیم کو کامیابی دلائی ۔ فخرزمان نے 43 اوربابراعظم 19 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل میزبان ٹیم کے کپتان ہیملٹن مساکدزا نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سود مند ثابت نہ ہوا اورپوری ٹیم 25.1 اوورمیں 67 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی۔
چامو چی بھا بھا 16 اورکپتان ہیملٹن مساکدا 10 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 8 بلے بازڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے۔
گرین شرٹس کی جانب سے فہیم اشرف نے شانداربولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 شکار کئے جبکہ جنید خان نے 2 ، یاسرشاہ، شاداب خان اور عثمان خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
تیسرے ایک روزہ میچ کے لیے قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں، محمد عامراورحسن علی کی جگہ جنید خان اور یاسر شاہ کو شامل کیا گیا تھا۔
کپتان سرفراز احمد کو فخر زمان، امام الحق، بابراعظم، شعیب ملک، آصف علی، فہیم اشرف، شاداب خان، یاسر شاہ، جنید خان اور عثمان خان شنواری کی خدمات حاصل تھیں۔
اسکواڈ میں شامل حارث سہیل ہمشیرہ کی طبیعت کی خرابی کے باعث واپس پاکستان آرہے ہیں تاہم ان کی جگہ اب تک کسی متبادل کو نہیں بلایا گیا ہے۔
دوسری جانب گرین شرٹس نے زمبابوے کے خلاف تیسرے ون ڈے میں 241 گیندوں قبل ہی فتح حاصل کرکے 28 سال پرانا ریکارڈ توڑدیا ہے۔
اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے1990 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے میچ میں 206 گیندیں قبل ہدف حاصل کرکے ملکی ریکارڈ قائم کیا تھا۔