نئی دلی: بھارتی لوک سبھا کی اسپیکرسمترا مہاجن نے وزیراعظم نریندرمودی کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پربحث کی منظوری دے دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ کے مون سون اجلاس کے پہلے روز پارلیمانی امور کے وزیراننت کمار نے اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے یاد دہانی کرائی کہ کئی اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی ہے۔ آپ سے درخواست ہے کہ اسے قبول کرلیا جائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔
پارلیمانی امور کے وزیر کے توجہ دلاؤ نوٹس پر رولنگ دیتے ہوئے لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی کے سرینواس کی تحریک سب سے پہلے موصول ہوئی تھی اس لیے ان کی تحریک عدم اعتماد کو منظور کرتے ہوئے انہیں تجویز پیش کرنے کی اجازت دی جارہی ہے۔ تحریک عدم اعتماد پرجمعہ کے روز بحث کی جائے گی۔