اوپن ٹرائل کے تحت مقدمہ احتساب عدالت منتقل کرنے پر اتفاق کیاگیا،سید علی ظفر

اسلام آباد:نگراں وفاقی وزیر اطلاعات سید علی ظفر نے کہا ہے کہ اوپن ٹرائل کے تحت ٹرائل احتساب عدالت منتقل کرنے پر اتفاق کیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات سید علی ظفر نے کہا کہ جس دن نواز شریف پاکستان آ رہے تھے تو نیب نے وفاقی حکومت سےنیب کے سیکشن 16 کے تحت درخواست کی تھی جس کےمطابق اگر کوئی سیکیورٹی کی وجہ ہو تو عدالت کی جگہ تبدیل کی جا سکتی ہےکیونکہ اگلے دن پیشی تھی تو نیب نے درخواست بھیجی تو وفاقی حکومت نے وہ درخواست مانتے ہوئے اور یہ سمجھتے ہوئے یہ سیکیورٹی کا ایشو ہے توعارضی طور پر ان کی درخواست مان لی اور عدالت ادھر شفٹ کر دی گئی۔
سید علی ظفر نے کہا کہ اوپن ٹرائل کے تحت ٹرائل احتساب عدالت منتقل کرنے پر اتفاق کیاگیا،آرٹیکل10اے کےتحت شفاف ٹرائل کیلیے اوپن ٹرائل ہو یہ ضروری ہےاور وزارت داخلہ کواحتساب عدالت میں پیشی کیلیےسیکیورٹی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
ان کامزید کہناتھا کہ نواز شریف کو جیل میں تمام بنیادی سہولیات مل رہی ہیں ، وزارت داخلہ اور حکومت پنجاب کی طرف سے بھی یہی کہا گیا ہے اور اگر ان کو سہولیات نہیں مل رہیں تو اس کیلئے عدالت سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔