ورلڈ جونیئر ریسلنگ میں شرکت کیلئے 6 رکنی قومی دستہ بھارت پہنچ گیا

لاہور: ورلڈ جونیئر ریسلنگ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے 6 رکنی قومی دستہ واہگہ کے راستے بھارت پہنچ گیا ہے جس میں 4 ریسلرز اور2 آفیشلز شامل ہیں۔

نئی دلی میں 17 سے 22 جولائی تک شیڈول ایونٹ میں عنایت اللہ 65 کلوگرام، غلام غوث 70 کلوگرام، محمد عثمان 79 کلوگرام اورحسیب مصطفیٰ 86 کلوگرام کیٹگریز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ سہیل رشید بطورکوچ اورمحمد ریاض بطور منیجر ٹیم کے ہمراہ ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان ، عراق اورافغانستان کے ریسلرز کو ویزا جاری نہ کرنے پریونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ کی جانب سے ایونٹ منسوخ یا بھارتی رکنیت معطل کئے جانے کا خدشہ تھا جس پرانڈین ریسلنگ فیڈریشن نے وزارت داخلہ کے حکام سے پاکستانی ریسلرز کو ویزے جاری کرنے کی درخواست کی جسے قبول کرلیا گیا تھا۔