غزہ میں اسرائیل فضائی کےحملے میں ایک فلسطینی شہید

فلسطین میں ظلم وبربریت کی انتہا کرنے والے اسرائیلی فورسز نے آج ایک اور نہتے فلسطینی کی جان لے لی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی میں فضائی حملہ کیا جس کے باعث ایک فلسطینی شہری شہید ہوا، غزہ کی وزارت صحت نے بھی فلسطینی شہری کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل مقامی آبادیوں کو نشانہ بنا رہا ہے جس کا مقصد لوگوں میں خوف پیدا کرنا ہے اور فلسطینیوں کو جدوجہد آزادی سے روکنے کی مذموم کوشش ہے۔ عالمی طاقتوں کو اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر نوٹس لینا چاہیئے۔
اسرائیل فوج کا دعوی ہے کہ فائٹر طیارے کے ذریعے فائر بموں کے حامل غبارے فضاء میں چھوڑے گئے تھے اور ان علاقوں کو نشانہ بنایا گیا جہاں دہشت گردوں نے ٹھکانے بنا رکھے تھے۔
دوسری جانب 30 مارچ کو یوم الارض کے موقع پر اپنے گھروں کو واپسی مارچ مہم کے 17 ویں ہفتے آج جمعہ کو اسرائیلی بارڈر کی جانب مارچ کیا جائے گا جس کے لیے ہزاروں فلسطینی شہری سرحدی علاقے پر جمع ہو گئے ہیں۔