بولاوایو: پاکستان ٹیم نےچوتھے ون ڈے میں زمبابوے کو جیت کے لیے 400 رنز کا ہدف دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چوتھے ون ڈے میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا پُراعتماد آغاز کیا۔
دونوں بلے بازوں نے میزبان ٹیم کی بولنگ لائن کے خلاف شاندار بیٹنگ کی اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے۔دونوں نے 304 رنز بنائے جو پہلی وکٹ پر شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔تاہم امام الحق 113 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
فخر زمان نے انتہائی زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور جارحانہ انداز میں اپنی نہ صرف سنچری مکمل کی بلکہ پاکستان کی طرف سے سعید انور کا 194 رنز کا سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ڈبل سنچری بنائی، فخرزمان پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے ایک روزہ میچ میں ڈبل سنچری بنائی۔
ون ڈاؤن آنے والے آصف علی نے بھی جارحانہ انداز اپنایا اور نصف سنچری مکمل کی جب کہ فخرزمان نے 156 گیندوں پر 210 رنز کی اننگز کھیلی اور ناقابل شکست رہے، اوپنرز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے مقررہ اوورز میں 399 رنز بنائے۔