بولاوائیو: پاکستانی اوپنر بلے بازفخر زمان کی ڈبل سنچری کے ساتھ چوتھے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم نے زمبابوے کو244 رنز سے شکست دیدی جو رنز کے اعتبار سے پاکستان کی دوسری بڑی کامیابی ہے۔
کوئنز اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ پاکستان نے پہلے ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا تواور قومی ٹیم کے اوپنربلے بازوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے304 رنز بنائےاورگرین شرٹس نے مقررہ 50 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 399 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے دیے گئے 400 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 155 پر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستانی اوپنر فخر زمان اور امام الحق نے ناصرف پہلی وکٹ میں سب سے بڑی شراکت داری قائم کرنے کا ریکارڈ بنایا بلکہ فخر زمان 210 رنز بنا کر ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی اور دنیا کے چھٹے بلے باز بھی بن گئے، امام الحق نے بھی عمدہ بیٹنگ کی اور 113 رنز بنائے جبکہ آصف علی نے 22 گیندوں پر ناقابل شکست 50 رنز بنائے اور زمبابوے کو جیت کیلئے 400 رنز کا ہدف دیا۔
زمبابوے کی جانب سے تری پانو 44 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جب کہ چگمبرا نے 37 اور کپتان مزاگاڈسا نے 22 رنز کی اننگز کھیلیں،پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 28 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کا شکار کیاجبکہ عثمان شنواری اور فہیم اشرف نے دو، دو وکٹیں لیں جب کہ شعیب ملک اور جنید خان نے بھی ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
چوتھے ایک روزہ میچ کے لیے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، کپتان سرفراز احمد کو فخرزمان، امام الحق، بابراعظم، شعیب ملک، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، جنید خان، عثمان خان شنواری اور یاسر شاہ کی خدمات حاصل ہیں۔