اسلام آباد: مریم نواز نے جیل انتظامیہ کی درخواست پر پولیس ریسٹ ہاؤس سہالہ منتقل ہونے سے انکار کردیا ہے۔
جیل انتظامیہ ذرائع کے مطابق مریم نواز کا موقف ہے کہ وہ اپنے والد اور خاوند کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر کے ساتھ اڈیالہ میں ہی رہیں گی۔
ذرائع نے بتایا کہ انتظامیہ مریم نواز کو اڈیالہ سے ریسٹ ہاؤس منتقل کرنا چاہتی ہے اور گزشتہ تین روز سے اس حوالے سے انتظامات بھی کیے جاچکے ہیں۔
جیل انتظامیہ ذرائع نے بتایا کہ سہالہ ریسٹ کو سب جیل قرار دینے کےلیے تمام انتظامات مکمل کیے گئے اور اس سلسلے میں 20 لاکھ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔
ریسٹ ہاؤس میں کیمرے اور نئی لائٹس لگائی گئی ہیں جبکہ مریم نواز کی رہائش کی جگہ کے اطراف قناعتیں اور تاریں لگا کر اس کو کمپاؤنڈ کی شکل دی گئی ہے ۔
مریم نواز کی منتقلی کے پیش نظر پولی کلینک اسپتال کے ڈاکٹروں کا ڈیوٹی روسٹر بھی جاری کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں خواتین قیدیوں کےلیے بی کلاس کی سہولت نہیں اور ان کو دیگر خواتین قیدیوں کے ساتھ بیرک میں ہی رکھا گیا ہے جہاں سہولیات بہتر نہیں۔ جیل انتظامیہ کو مریم نواز کو بی کلاس نہ دینے پر تنقید کا سامنا ہے۔