پی پی کے منحرف رہنما حبیب جان بلوچ انتخابی دوڑ سے باہرہوگئے

سندھ ہائیکورٹ نے دہری شہریت کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے منحرف رہنما حبیب جان بلوچ کی نظر ثانی درخواست مسترد کر دی، جس کے بعد وہ انتخابی دوڑ سے باہر ہوگئے۔
حبیب جان بلوچ نے سندھ ہائی کورٹ میں ٹریبونل بینچ کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کر رکھی تھی۔

حبیب جان بلوچ کے وکیل خواجہ نوید کا کہنا تھا کہ حبیب جان نے برطانوی شہریت ترک کرکے پاسپورٹ بھی واپس کر دیا ہے اور ساتھ ہی برطانوی شہریت ترک کرنے کے لیے درخواست بھی جمع کرا دی ہے۔

خواجہ نوید ایڈوکیٹ کے مطابق حبیب جان بلوچ لیاری سے بلاول بھٹو زرداری کے خلاف الیکشن لڑ رہے تھے اور آر او نے حبیب جان کے دوہری شہریت کے معاملے پر کاغذات نامزدگی مسترد کئے تھے۔

واضح رہے کہ حبیب جان بلوچ این اے 246 سے آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لینا چاہتے تھے۔