لاہور:پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کی نگراں حکومت اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں ، وہ پی ٹی آئی کے اشاروں پر ناچ رہی ہے۔پشاور میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف کی آمد پر سیکڑوں بے گناہ لوگوں کو گرفتار کیا گیا ، کارکنوں پر دہشت گردی کی دفعات لگادیگئیں، ہماری ریلی میں ایک گملا تک نہيں ٹوٹا ، کسی گاڑی کو خراش تک نہیں آئی ۔
انہوں نے کہا کہ نیب کی کارروائیاں صرف اور صرف ن لیگ کو دیوار سے لگانے کے لیے ہوتی رہیں اور الیکشن کمیشن خاموش تماشائی بنا رہا۔بے شمار جگہوں پر نیب اور دوسرے پریشر سے ہمارے الیکٹیبل ٹوٹ گئے ، اب اتنے عریاں طریقے سے ن لیگ کو دیوار سے لگانا کہاں کا انصاف ہے؟۔
صدر ن لیگ نے کہا کہ عمران کو بہتان خان اس لیے کہتا ہوں کہ وہ جھوٹ بولتے ہيں ، الزام لگاتے ہیں ۔
اس سے قبل مینگورہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ فخر سے کہتاہوں کہ کراچی میں اگر موقع ملا تو کراچی کو لاہور بنادوں گا ،پشاور جاتاہوں اور کہتاہوں موقع ملا تو پشاور کو لاہور بنائوں گا، اس طرح جہاں بھی جاتاہوں لاہور جیسے شہر بنانے کا کہتاہوں لیکن کیا عمران خان یہ کہہ سکتےہیں کہ پشاور والو!موقع ملا تو کراچی اورپشاور کو لاہور کی طرح بنادوں گا؟۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف اپنی بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر بیٹی کے ساتھ پاکستان آئے، نواز شریف اپنی ذات کیلئے نہیں بلکہ عوام کیلئے واپس آئے.انہوں نے کہاکہ شاید کبھی دیکھا ہو ایک باپ کے سامنے بیٹی کو گرفتار کیا جائے،جب بیٹی کو باپ کےسامنے گرفتار کیا جائےتو دل پر کیا گزرتی ہے.