ترکی کا داعش کمانڈر کو آسٹریلیا کےحوالے کرنے سے انکار

 

انقرہ: ترک عدالت نے داعش کمانڈر نیل پرکاش کی آسٹریلیا حوالگی کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے مقدمات کی سماعت ترکی میں ہی کرنے کا حکم دیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا نے ترکی میں قید اپنے مطلوب ترین دہشت گرد نیل پرکاش المعروف ابو خالد الکمبوڈی کی حوالگی کے لیے ترک حکومت سے رجوع کیا تھا تاہم ترک عدالت نے آسٹریلیا کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ابو خالد الکمبوڈی کے خلاف مقدمات کی سماعت ترکی میں ہی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

آسٹریلوی حکومت نے ترکی کی عدالت کے فیصلے کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ ابو خالد ایک آسٹریلوی شہری ہے جس پر دہشت گردی سمیت متعدد مقدمات قائم ہیں جن کی تفتیش کیلئے ابو خالد الکمبوڈی کی حوالگی ضروری ہے جس کیلئے آسٹریلوی وزیراعظم نے گذشتہ برس مئی میں ترک حکومت سے استدعا کی تھی۔

واضح رہے کہ داعش کمانڈر نیئل پرکاش آسٹریلوی شہری ہے جس کے والد کا تعلق فجی اور والدہ کا کمبوڈیا سے تھا۔سال 2012 میں کمبوڈیا کے دورے دوران اس نے بدھ ازم ترک کر کے اسلام قبول کیا تھا اور ابو خالد الکمبوڈی کے نام سے داعش کیلئے کام شروع کیا تاہم 2016 میں شام کی سرحد عبور کر کے ترکی میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار ہو گیا تھا۔