سوئٹزر لینڈ کی خاتون کھلاڑی کو والدین نے بھارت جانے سے منع کر دیا

 

نئی دہلی :بھارت میں آئے روز پیش آنے والے جنسی درندگی کے واقعات نے دنیا بھر میں اس کا بھیانک چہرہ بے نقاب کر دیا ہے، جس کے بعد معروف خواتین کھلاڑی بھی بھارت آنے سے گھبرانے لگی ہیں، حتیٰ کے ان کے والدین بھی بھارت جانے کی اجازت دینے سے انکاری ہیں۔

بھارتی شہر چنائی میں اس وقت جونیئر سکواش چیمپئین شپ جاری ہے تاہم سوئٹزرلینڈ کی معروف کھلاڑی ایمبر ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے بھارت نہیں پہنچیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایمبر کے والدین نے بھارت میں خواتین کے خلاف ہونے والے بے شمار جرائم کے پیش نظر اپنی بیٹی کو بھارت جانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔

ایمبرکے کوچ پاسکل نےکہا ہےکہ ایمبرہماری بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہے لیکن وہ بھارت نہیں آ سکی کیونکہ اس کے والدین نے اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ وہ انٹرنیٹ پر یہ رپورٹس دیکھتے رہے ہیں کہ بھارت خواتین کیلئے کس قدر خطرناک ہے، اس لئے وہ اپنی بیٹی کو بھارت بھیج کر کوئی رسک نہیں لینا چاہتے۔