کراچی میں پی پی اور ایم کیو ایم کارکنان میں تصادم۔ 8زخمی

کراچی:کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کارکنوں میں تصادم کے نتیجے میں 8افراد زخمی ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے صوبائی اور قومی اسمبلی کے امیدواروں کی قیادت میں ریلی نکالی جارہی تھی ، ریلی شاہ فیصل کالونی نمبر 5 پہنچی تو وہاں قائم ایم کیو ایم پاکستان کے دفتر کے قریب پہنچ کر دونوں جانب سے نعرے بازی کی گئی جو تصادم کی صورتحال اختیار کرگئی اور دونوں جانب سے ایک دوسرے پر پتھرائو کیا گیا ۔

واقعہ کے بعد پیپلز پارٹی کے این اے 239 سے امیدوار عمران عابدی اور دیگر مقدمہ درج کرانے شاہ فیصل تھانے پہنچے اور مقدمہ درج کرنے کی درخواست جمع کرائی ۔

بعد میں تھانے کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران عابدی کا کہنا تھا کہ ہماری پر امن ریلی جاری تھی کہ ایک سیاسی جماعت کے کارکنوں نے حملہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ واقعہ سازش ہے ، ہمارے 8 سے 10 کارکنان زخمی ہوئے کچھ لاپتہ بھی ہیں جبکہ سازش کا مقصد الیکشن کو سبوتاژ کرنا ہے۔