’عوام نیا نہیں اسلامی پاکستان چاہتے ہیں۔فضل الرحمان

مالاکنڈ:متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمٰن اور نائب صدر سراج الحق نے کہا ہے کہ25جولائی کو ایم ایم اے کی کامیابی کا سورج طلوع ہوگا،عوام نیا نہیں اسلامی پاکستان چاہتے ہیں۔

مالاکنڈ میں ایم ایم کے جلسے سے خطاب میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ووٹ کی طاقت سے ظلم کا خاتمہ کرکے پاکستان کو محفوظ بنائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو مذہب، لسانیت اور علاقائیت کے نام پر لڑایا جارہا ہے ، ووٹ آپ کی تلوار اور بندوق بھی ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پروپیگنڈا کیاجاتا ہے کہ پی ٹی آئی نے 300 ڈیم تعمیر کیے ہیں ، ایک ارب درخت لگائے گئے ہیں ، حیران ہوں کہ یہ ڈیم اور درخت کہاں ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پروپیگنڈے کے زور پر اب کوئی بھی پارٹی قوم کو دھوکا نہیں دے سکتی۔سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ اگر مالاکنڈ کو ترقی دینا ہے، تو ووٹ کو کتاب کے حق میں استعمال کرنا ہوگا۔