ایران میں زلزلے کے شدید جھٹکے، 300افراد زخمی

ایران کے جنوبی و مغربی صوبوں ہرمزگان اور کرمان شاہ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، زلزلے سے کئی گھروں اور عمارتوں کو نقصان پہنچا جس سے 300 افراد زخمی ہوگئے۔
ایران کے زلزلہ پیما مزکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی۔
ایران کی ہلال احمر سوسائٹی کے سربراہ مرتضی سلیمی کے مطابق زلزلہ کی شدت بہت زیادہ نہیں تھی ورنہ بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوتا، کچھ گھروں کی دیواریں گرنے کی اطلاعات ملی ہیں تاہم تشویش کی کوئی بات نہیں، امدادی کارروائیاں جاری ہیں، زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ نومبر 2017 میں بھی ایران و عراق کے سرحدی علاقوں میں 7.3 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس سے 620 افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو گئے تھے۔