کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو کراچی سمیت سندھ بھر میں صرف ایم کیو ایم پاکستان اور پتنگ کا راج ہوگا۔
کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ 23 اگست 2016 کی پالیسی کے تحت ایم کیو ایم پاکستان کو بچایا گیا۔ آج کا جلسہ 1986 کی ایم کیو ایم کی یاد دلاتا ہے، 25 جولائی کو متحدہ نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔ ایم کیو ایم بڑے مارجن سے مخالفین کو شکست دے گی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ اور کراچی کےساتھ برا سلوک رکھا، شہر کو بدترین تباہی کے دہانے پر پہنچادیا۔ جھنڈے اتارے جاسکتے ہیں لیکن دلوں سے ایم کیوایم ختم نہیں کی جاسکتی۔ جنوبی سندھ صوبہ یا انتظامی یونٹس بھی ایک حقیقت ہوگی۔
اس موقع پر پارٹی رہنما عامر خان نے کہا کہ ایم کیوایم ختم نہیں ہوسکتی اس کی بنیادوں میں شہیدوں کو لہوہے۔ کراچی کے لوگوں کو کیوں معاف نہیں کیا جاسکتا، اگر اختیار نہیں دو گے تو بات صوبے تک جائے گی، پورے پاکستان میں مزید صوبے بنائے جائیں۔عامر خان نے کہا کہ ایک پیراشوٹ پارٹی کراچی کو فتح کرنے آئی تھی لیکن آج ان کاجلسہ بھی فلاپ ہوگیا۔اس پیراشوٹ پارٹی کے سربراہ چائنہ کٹنگ کے ذمہ دار ہیں، ایم کیوایم کو دفن کرنے والے مر گئے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کا مسئلہ صرف اختیار کا ہے، کراچی کے میئر کو اختیار سندھ حکومت دیتی نہیں ہے، شہر کو اختیارات دو تمام مسائل کراچی والے خود حل کرلیں گے۔
ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ ایم کیوایم کو پارٹی پرچم تک لگانے نہیں دیے گئے، دفاتر سیل اور گرائے جارہے ہیں۔ ایم کیو ایم کو فنڈ دینے والوں کو ڈرا دیا گیا، کارکنان کو گرفتار کیا گیا۔لیکن تمام سازشوں کے باوجود ہمیں روکا نہیں جاسکا۔