کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی عام انتخابات کی شفافیت پر تحفظات ظاہر کردیے۔
رہنما پیپلز پارٹی رضا ربانی اور شیری رحمان نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن اور نگران حکومت شفاف انتخابات کرانے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی۔
رضا ربانی نے کہا کہ لیاری میں بھی پیپلزپارٹی کے پولنگ ایجنٹ کو باہر نکالا جارہا ہے، پولنگ ختم ہونے کے بعد سے ہمارے پولنگ ایجنٹس کو نکالا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرعوامی آراء کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تو سنگین نتائج ہوں گے۔
شیری رحمان نے کہا کہ پورے انتخابات پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے، ہمارے پاس 250 سے زائد شکایات موصول ہوئی ہیں، لیاری میں بلاول بھٹو کے چیف پولنگ ایجنٹ کو باہر نکال دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک تنظیم کےعلاوہ تمام جماعتوں کو دیوار سے لگایا جارہا ہے، دیہی سندھ میں پیپلزپارٹی کے حامیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، خواتین کے پولنگ اسٹیشنز سے زیادہ شکایات آئیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ ہم نے پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ آگے بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا، لاڑکانہ سے لیکر لیاری تک ہمیں نتائج نہیں دیے جارہے۔
خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کے علاوہ ن لیگ، ایم کیو ایم پاکستان، پی ایس پی، تحریک لبیک، ایم ایم اے نے بھی پولنگ عملے کے رویے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے جبکہ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے ان اعتراضات کو مسترد کردیا ہے۔