سندھ میں حکومت بنانے کیلئے پیپلز پارٹی کی مضبوط پوزیشن

کراچی: سندھ اسمبلی کی 130 جنرل نشستوں کے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کو 74 نشستوں پر برتری حاصل ہے جس کے بعد یہ سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے اورصوبے میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔
سندھ اسمبلی کے ایوان میں مجموعی نشستوں کی تعداد 168 ہے جس میں 29 نشستیں خواتین جب کہ 9 نشستیں اقلیتوں کے لیے مخصوص ہیں۔
کسی بھی جماعت کو حکومت بنانے کے لیے 68 نشستیں درکار ہیں اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی 74 نشستوں کے ساتھ مضبوط پوزیشن میں ہے اور مسلسل تیسری مرتبہ آئندہ پانچ سال کے لیے صوبے میں حکومت بنائے گی۔
دیگر جماعتوں میں تحریک انصاف نے 18، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان 12، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس 11، مسلم لیگ ن اور متحدہ مجلس عمل نے ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کی۔
خواتین اور اقلیتی نشستوں کو کامیاب سیاسی جماعتوں کے درمیان انہیں حاصل کامیابی کے تناسب سے تقسیم کیا جائے گا جس کے بعد پیپلز پارٹی ایوان میں مکمل طور پر حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہوگی۔