اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف قومی اسمبلی کی 119 نشستیں جیتنے کے بعد سب سے بڑی جماعت بن گئی لیکن حکومت بنانے کے لیے اسے 137 نشستیں درکارہیں۔
عمران خان قومی اسمبلی کی 5 نشستوں پر کامیاب ہوئے اور انہیں 4 نشستیں چھوڑنا ہوں گی، اسی طرح غلام سرور خان 2 نشستوں پرجیتے اور انہیں بھی ایک نشست چھوڑنا ہوگی،یوں تحریک انصاف کی قومی اسمبلی کی 119 میں سے 5 نشستیں کم ہو کر 114 رہ جائیں گی۔
سادہ اکثریت اور مضبوط حکومت کے قیام کے لیے تحریک انصاف کو آزاد امیدواروں اور دیگر ہم خیال سیاسی جماعتوں سے اتحاد کی ضرورت ہوگی جبکہ جیتنے والے آزاد امیدواروں کی تعداد 15 ہےتاہم ہم خیال جماعتوں میں گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے پاس 2، عوامی مسلم لیگ ایک، پاکستان مسلم لیگ ق 4، بلوچستان عوامی پارٹی ایک اور ایم کیو ایم کے پاس 8 نشستیں ہیں۔
آزاد امیدوار3 دن میں کسی بھی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کا فیصلہ کر سکتے ہیں، اس طرح تحریک انصاف اور آزاد امیدواروں سمیت تمام اتحادیوں کی تعداد145 بنتی ہے جو سادہ اکثریت سے زیادہ ہے۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی میں اب تک 63، پاکستان پیپلز پارٹی نے 40، متحدہ مجلس عمل نے 12، عوامی نیشنل پارٹی نے ایک اور بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل نے 4 نشستیں حاصل کی ہیں، اس طرح اپوزیشن جماعتوں کی مجموعی نشستوں کی تعداد 120 بنتی ہے۔