واشنگٹن: سائنس دانوں نے مریخ پر جمی برف کے نیچے 12 میل چوڑی مائع پانی کی ایک جھیل کا سراغ لگایا ہے۔امریکی جریدےمیں شائع رپورٹ کے مطابق سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ سرخ سیارے پر پہلی مرتبہ اتنا زیادہ پانی دریافت کیا گیا ہے، سائنس دان ایریکو فلامینی کا کہنا ہے کہ وہاں پانی موجود ہے ہمیں اس بابت کوئی شک نہیں ہے۔
سائنس دان مریخ پر پانی کی موجودگی کے حوالے سے ایک طویل عرصے سے تحقیق میں مصروف تھے، اس سے یہ واضح ہوسکتا ہے کہ کیا اس سیارے پر کبھی زندگی بھی موجود تھی یا کیا اب بھی وہ کسی شکل میں وہاں موجود ہوسکتی ہے؟سائنس دانوں کے مطابق مریخ پر ملنے والی اس جھیل میں نہ تیرا جاسکتا ہے اور نہ ہی یہ پانی پیا جاسکتا ہے کیونکہ یہ اس سیارے کی سطح پر انتہائی سفاک اور سرد ماحول میں جمی برف سے کوئی ڈیڑھ کلو میٹر تہہ میں ہے۔
واضح رہے کہ مریخ اب سرد، خشک اور بنجر سیارہ ہے، تاہم 3.6 ارب برس قبل ایسا نہیں تھا تب یہ ایک گرم اور نم زدہ سیارہ ہوتا تھا اور اس پر بڑی مقدار میں مائع پانی موجود تھا۔