الیکشن میں کامیابی پر غیر ملکی کرکٹرز اور اسٹارز کی عمران خان کو مبارکباد

الیکشن میں کامیابی پر غیر ملکی کرکٹرز اور بالی ووڈ اسٹارز کی جانب سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو مبارکباد پیش کی گئی ہے۔
سابق بھارتی کرکٹ کپتان کپل دیو نے اپنے ویڈیو پیغام میں عمران خان کو مبارکباد دی اور کہا کہ عمران خان کا وزیراعظم بننا بہت خوشی کی بات ہوگی۔ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار کوئی کھلاڑی وزیراعظم کے منصب پر فائز ہونے جا رہا ہے، لہٰذا دعا ہے کہ جس طرح انہوں نے کرکٹ کے میدان میں وطن کے لئے کام کیا اس سے بہتر پاکستان کی خدمت کریں اور ترقی سے ہمکنار کریں۔
کپل دیو کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان میں پہلے بھی جنون تھا اور اب بھی ہے اور اگر پاک- بھارت کرکٹ تعلقات بحال ہوئے تو انہیں بے حد خوشی ہوگی۔
بھارتی سابق کرکٹر سنجے منجریکر نے بھی عمران خان کو اپنا کرکٹ ہیرو قرار دیتے ہوئے مبارک باد پیش کی اور کہا کہ عمران بلند معیار ترتیب دینے کی مثال ہیں اور اس پر پہنچ رہے ہیں۔
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے چیئرمین راجیو شکلا نے بھی انتخابات میں عمران خان کی کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور کہا یہ میرا اعزاز ہے میں نے یہ پوزیشن حاصل کرنے کے لئے ان کی 22 برس کی محنت دیکھی ہے۔
بالی وڈ اداکار رشی کپور نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں عمران خان کے الیکشن میں کامیابی کے بعد پہلے خطاب کو خوب سراہا اور کہا کہ پاک بھا رت تعلقات پر عمران خان کے خیالات سے متفق ہوں اور امید ہے دونوں ملکوں کے تعلقات بہتر ہوں گے۔
سابق انگلینڈ کرکٹر جیوفری بوائیکاٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو زبردست کپتان اور کرکٹر قرار دیا اور انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ بہتر کام کریں گے۔
انگلش ٹیم کے سابق کرکٹر مائیکل وان نے بھی عمران خان کی فتح کی خبر کو زبردست قرار دیا۔
سابق کرکٹر رافیل بشپ نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں دل کی گہرائیوں سے عمران خان کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سن کر فخر ہوا کہ ایک شاندار سابق کرکٹر ملک کی قیادت میں اہم کردار ادا کر سکے گا۔