امریکی دھمکیوں کو ہرگز قبول نہیں کریں گے: ترک وزیر خارجہ

 

انقرہ:ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے کہا ہے کہ ترکی کو کوئی اپنے فیصلوں کو ڈکٹیٹ نہیں کرواسکتا،ہم اس قسم کی دہمکیوں کو ہرگز قبول نہیں کریں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر مائک پنس کی جانب سے پا دری انڈریو برنسن کو رہا نہ کیے جانے پر ترکی پر پابندیاں لگانے کی دھمکیوں سے متعلق جواب دیتے ہوئے کہا کہ ترکی کوکوئی اپنے فیصلوں کو ڈکٹیٹ نہیں کرواسکتا‘ہم اس قسم کی دہمکیوں کو ہرگز قبول نہیں کریں گے،سب کو قوانین کی پابندی کرنے کی ضرورت ہے۔

ترک وزارتِ خارجہ نے صدر ٹرمپ کی جانب سے نیٹو کے اتحادی ملک ترکی کی عدلیہ کے معاملات میں دخل اندازی پر سخت الفاظ میں جواب دیا،ترکی کو کوئی بھی ملک ڈکٹیٹ نہیں کرواسکتا،امریکہ کو اپنی جانب سے کی جانے والی غلطیوں سے کنارا کشی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔