اسلام آباد: صارفین میں مقبول سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر کے استعمال کرنے والوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔گزشتہ 3ماہ کا جائزہ رپورٹ سےیہ بات سامنے آتی ہے کہ جب سے ٹوئٹر نے جعلی اکاؤنٹس کے خاتمے کی مہم چلائی ہے اور پرائیویسی کی نئی پالیسی بنائی ہے اس کے استعمال میں کمی آئی ہے۔رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران ٹوئٹر کے 335 ملین استعمال کنندہ ریکارڈ کیے گئے ہیں جبکہ پہلی سہ ماہی میں ان کی تعداد 336 ملین تھی۔ اسی طرح ماہانہ بنیادوں پر بھی ان کی تعداد میں کمی واقع ہو رہی ہے۔
کمپنی کے مطابق صارفین کی تعداد میں کمی کی وجہ وہ فیصلے ہیں جو کچھ ماہ قبل کیے گئے تھے جن میں ویب سائٹ کو صحت مند اور مثبت کاموں کے لیے استعمال کرنے کا کہا گیا تھا۔اس ہفتے کے اختتام پر مارکیٹ کے ابتدائی نتائج میں ٹوئٹر کی مارکیٹ 15 فیصد خسارے میں دیکھی گئی ہے۔کمپنی کے سی اسی او جیک ڈورسے نے کہا ہے کہ نقصان کے باوجود ٹوئٹر اپنے پلیٹ فارم کو بہتر بنانے کے لیے بھاری سرمایہ کاری جاری رکھے گی۔