اسرائیل کے مغربی کنارے پر دو فوجی اہلکاروں کو تھپڑ مارنے کے جرم میں 8 ماہ قید کاٹنے والی فلسطینی لڑکی احد تمیمی اور ان کی والدہ کو رہا کردیا گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوجیوں کے منہ پر تھپڑ رسید کرنے والی نڈر لڑکی احد تمیمی کو جیل میں 8 ماہ کی قید و بند کی صعوبتیں اُٹھانے کے بعد گزشتہ شب رہائی مل گئی ہے۔ آٹھ ماہ کی سخت تکالیف نازک اور کم سن لڑکی کے پایہ استقلال میں لرزش نہیں لا سکیں۔ اسرائیلی حکام نے احد تمیمی کی رہائی کی تصدیق کردی ہے۔
واضح رہے فلسطین میں دو اسرائیلی سپاہیوں کو طمانچہ رسید کرنے اور دھکے دینے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد جرات و بہادری کا استعارہ بننے والی نوجوان لڑکی احد تمیمی کو قابض اسرائیلی فوج نے دسمبر 2017 کو والدہ کے ہمراہ گھر سے گرفتار کیا تھا۔