قومی ہاکی ٹیم کے کپتان کپتان رضوان سینئر سمیت تمام کھلاڑیوں نےکہا ہے کہ ہر کھلاڑی کے ڈیلی الاؤنس کی مد میں 8 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔اگرکھلاڑیوں کے تمام واجبات ادا نہیں کیے گئے تو ہم ایشین گیمز میں شرکت نہیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے انڈونیشیا کے شہر جکارتا میں ہونے والے ایشین گیمز کے لیے ٹرائل دیے۔
بعد ازاں کپتان رضوان سینئر سمیت تمام کھلاڑیوں نے ایک اجلاس کے بعد میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ہر کھلاڑی کے ڈیلی الاؤنس کی مد میں 8 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔
قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کا کیمپ لگایا گیا، پھر ایک کیمپ کراچی میں اور ایک کیمپ ہالینڈ میں لگایا گیا لیکن الاؤنس نہیں دیے گئے اور پھر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بغیر الاؤنس کے ہی چیمپئنر ٹرافی میں شرکت کی۔
کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ ہم ایشین گیمز کے لیے ٹرائل بھی دیں گے اور ٹریننگ میں بھی حصہ لیں گے لیکن اگر 27 کھلاڑیوں کے تمام واجبات ادا نہیں کیے گئے تو ہم ایشین گیمز میں شرکت نہیں کریں گے۔
قومی ہاکی ٹیم کے کپتان رضوان سینئر نے کہا کہ بغاوت نہیں کر رہے اپنا حق مانگ رہے ہیں جب کہ عمران بٹ کا کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔