مصر میں عیسائی پادری کی پراسرار ہلاکت۔تحقیقات شروع

قاہرہ:مصر میں قبطیوں کے آرتھوڈوکس چرچ کا کہنا ہے کہ مصر کے شمال میں وادی نطرون میں واقع معروف سینٹ میکاریئس کی خانقاہ اور چرچ کے سربراہ پادری ایپی فینیس Epiphanius مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔
چرچ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ چرچ کے سینئر رہنما کی وفات پراسرار حالات میں ہوئی ہے جس کے سبب سرکاری طور پر واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پادری ایپی فینیس کی لاش خانقاہ میں ان کے کمرے کے سامنے خون میں لت پت پائی گئی جب کہ ان کے سر سے خون بہہ رہا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے فوری طور پر لاش کا معائنہ کیا جس پر سر کے پیچھے زخم ملا، واقعے کو مبینہ طور پر مجرمانہ واردات شمار کیا جا رہا ہے۔
مصری استغاثہ کی جانب سے متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ لاش کا پوسٹ مارٹم کر کے موت کی وجوہات بیان کی جائیں۔