حیدرآباد: سابق اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ سندھ میں ہونے والے الیکشن کومسترد کرتے ہیں،سندھ میں عوام کا مینڈیٹ چرایا گیا اور انتخابات میں دھاندلی کی گئی ہے۔حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ جس طرح کبھی کراچی میں دھاندلی کی جاتی تھی ،اسی طرح بدین میں بھی دھاندلی کی گئی ،پولنگ ا سٹیشنز پر اپنے من پسند پریزائیڈنگ افسران لگائے گئے لیکن کوئی دیکھنے والا نہیں تھا۔
فہمیدہ مرزا نے کہا کہ انہوں نے بھی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے درخواست دی تھی لیکن یہ کیسی ری کاؤنٹنگ ہے کہ مخالفین کے بیلٹ بڑھ جاتے ہیں میرے کم پڑجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریٹرنگ افسر اور انتخابی عملے کو بیلٹ پیپرز سیل کرنے کا کہا تاہم ہماری کوئی بات نہیں مانی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ نتائج فارم49سے مختلف آ رہے تھے، سمجھ سے باہر ہے کہ آر اوز نے انہیں کیوں نشانہ بنایا؟ محسوس ہوتا ہے کہ سارا کھیل اعلی سطح پر کھیلا گیا ہے، 2018کے انتخابات کا تو پورے ملک کو انتظار تھا لیکن نتائج نے سب کو تشویش میں ڈال دیا ہے ۔