نوشہرہ میں پشتو گلوکارہ ریشم شوہر کے ہاتھوں قتل

اطلاعات کے مطابق پشتو گلوکارہ ریشم کو اس کے شوہر نے مبینہ طور پر قتل کیا۔ 35 سالہ ریشم کی 9 ماہ قبل وقاص نامی شخص سے شادی ہوئی تھی۔

پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق خاتون کو تشدد کا نشانہ بنا کرقتل کیا گیا ہے، واقعے کے بعد مقتولہ کا شوہرفرار ہوچکا ہے جبکہ پولیس نے مقتولہ کی بہن کی مدعیت میں وقاص کے خلاف تھانه اکبر پوره میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ مقتولہ رامین عرف ریشم کے سسرال سے خبر آئی تھی کہ ان کی بہن کا انتقال ہوگیا ہے اوروہ آکر متوفی کی تجہیز و تدفین میں شرکت کریں، میت کے غسل کے دوران انہوں نے مقتولہ کے جسم پر تشدد کے نشان دیکھے تو انہیں شک گزرا۔ وہ میت کو قریبی اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے موت سے پہلے رامین پر تشدد کی تصدیق کردی۔

رامین اور وقاص کی 9 ماہ قبل شادی ہوئی تھی تاہم دنوں کے درمیان ناچاقی چل رہی تھی، کچھ عرصہ قبل ہی دونوں کے درمیان سمجھوتہ کرایا گیا تھا۔