چین کا پاکستان کیلئے آئی ایم ایف پیکیج پر امریکی بیان پرسخت ردعمل

چینی حکومت کے ترجمان نے پاکستان کے لیے آئی ایم ایف بیل آؤٹ پیکیج پر امریکی بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا مالیاتی فنڈ کو اپنے مقاصد اور اہداف کے حصول کے لیے استعمال کرنے کے بجائے اس فنڈ کو جنوبی ایشیا میں ترقی اور خوشحالی میں شراکت داری کے لیے استعمال ہونے دے اور ’ڈکیٹیشن‘ کے بجائے عملی کام کیا جائے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے امریکی وزیر خارجہ کے پاکستان سے متعلق بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جس میں مائیک پومپیو نے پاکستان کے لیے آئی ایم ایف پیکیج کو چین کا قرضہ اتارنے میں استعمال کیے جانے کا مضحکہ خیز دعوی کیا تھا۔
چینی ترجمان گینگ شوانگ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا مالیاتی فنڈ کو اپنے مقاصد اور اہداف کے حصول کے لیے استعمال کرنے کے بجائے اس فنڈ کو جنوبی ایشیا میں ترقی اور خوشحالی میں شراکت داری کے لیے استعمال ہونے دے اور ’ڈکیٹیشن‘ کے بجائے عملی کام کیا جائے۔
چینی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان آئی ایم ایف سے متعلق اپنے معاملات سے خود نمٹ سکتا ہے اور آئی ایم ایف کے بھی اپنے قواعد و ضوابط ہیں جس کے دائرہ اختیار میں کسی بھی ملک کو دخل اندازی نہیں کرنی چاہیئے جب کہ ہمیں تنازعات میں پڑنے کی بجائے علاقائی امن و استحکام پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔