اسلام آباد:نگراں وزیرخارجہ عبداللہ حسین ہارون نے امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پمپیو کے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو پاکستان کے لیے بیل آؤٹ پیکیج کے حوالے سے خبردار کرنے کے بیان کو مسترد کردیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرخارجہ عبداللہ حسین ہارون نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ آئی ایم ایف اور چین سے متعلق بیان نامناسب ہے اور سی پیک کے منصوبوں میں کوئی تیسرا فریق رکاوٹ نہیں بن سکتا۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ ‘یہ حکومت واضح کرتی ہے کہ سی پیک کو آئی ایم ایف کے پیکیج سے ملانا مکمل طور پر غلط ہے’۔امریکی سیکریٹری کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا نگران حکومت کا مینڈیٹ نہیں اور منتخب حکومت اس بارے میں اپنی پالیسی وضع کرے گی۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ ‘پاکستان نے 17 سال سے جاری جنگ کی بھاری قیمت ادا کی ہے، ہمیں ڈو مور کہنے والے دیکھیں کہ انہوں نے خود کیا کیا ہے’۔
انھوں نے کہا کہ ‘بھارت کو انفرادی لائسنس جاری کیے گئے ہیں تاکہ امریکا، بھارت کے ساتھ دفاعی تعلقات کو بہتر کرے، بھارت کو ہائی ٹیک ہتھیار مہیا کیے جا رہے ہیں اور بھارت-امریکا کے درمیان تجارت 9 ارب 70 کروڑ ڈالر تک پہنچ چکی ہے’۔
انھوں نے کہا کہ ایک جانب ایف اے ٹی ایف ہمارا گلہ پکڑ رہا ہے اور دوسری طرف ہر قسم کا دباؤ ہے ایسی صورت حال میں دو طرفہ تعلقات کیسے بہتر ہو سکتے ہیں۔
ہمسایہ ممالک کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی بہتری کے لیے افغانستان اور بھارت سے بات کرنے کو بھی تیار ہے۔