پیرس:فرانس میں بچوں کے لئے اسکولوں میں سمارٹ فون اور انٹرنیٹ سے تعلق رکھنے والی دیگر مصنوعات کیاستعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کی پارلیمنٹ نے قانون سازی کی ہے جس کے تحت اسکولوں میں 3سے 15سال کی عمر کے طالبعلموں پر اسمارٹ فون اور انٹرنیٹ سے چلنے والی دیگر مصنوعات مثلاًٹیبلیٹ وغیرہ کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
فرانس کے وزیرتعلیم جین مائیکل بلینکوئرنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پتا ہے کہ اسکرین کے استعمال کی لت ہوتی ہے اورغیر ضروری فون اور دیگر انٹرنیٹ سے متعلقہ مصنوعات استعمال کی بری عادت ہوجاتی ہے اور اس قانون کا مقصدبچوں اور ان کی نوعمری کو بچانا ہے جس میں تعلیم کا بنیادی کردار ہوتا ہے اور اس قانون کے ذریعے اسی بات کو یقینی بنایا گیا ہے۔
اس قانون سے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے صدارتی مہم کا ایک وعدہ بھی پورا ہواہے۔یہ قانون 62کے مقابلے ایک ووٹ کی مخالفت سے منظور ہواہے جسے صدر کی جماعت سینٹرسٹ لا ریپبلکن مارچ پارٹی کی حمایت حاصل تھی۔