کوپن ہیگن: ڈنمارک میں نقاب پر پابندی کیخلاف ہزاروں افراد نے ریلی نکالی اور شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کوپن ہیگن میں مسلمان خواتین کے نقاب پر پابندی کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئےاورماسک، برقعے پہن کر اور چہروں کو ڈھانپ کر حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔
احتجاج کرنے والوں میں زیاد تعداد خواتین کی تھی جنہوں نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور مغرب پر مسلمانوں سے امتیازی سلوک کا الزام عائد کیا۔
ریلی کے شرکا کے مطابق تمام مذاہب کے ماننے والوں کو آزادی دینے کا دعویٰ کیاجاتا ہے لیکن یہاں مسلمانوں کواپنے عقائد کے مطابق زندگی گزارنے کی اجازت نہیں اور مذہبی لباس تک پر پابندی عائد کردی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ مئی میں ڈنمارک کی حکومت نے نقاب پر پابندی کا قانون منظور کیا تھا جس کا اطلاق گزشتہ روز سے ہوگیا ہے۔
قانون کے تحت کوئی بھی خاتون عوامی مقامات پر نقاب نہیں کرسکتی اور پولیس اہلکاروں کو اختیار حاصل ہوگیا ہے کہ وہ سرعام کسی بھی خاتون کا نقاب اتروا سکتے ہیں۔