بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی انگلینڈ میں پہلی سنچری

 

ایجبسٹن: بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی انگلینڈ میں اپنے کیرئر کی پہلی ٹیسٹ سنچری بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں، انہوں نے یہ کارنامہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز انجام دیا۔کوہلی کے شاندار149 رنز کی بدولت بھارتی ٹیم انگلینڈ کی پہلی اننگز کے 287 رنز کے جواب میں 274 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ویرات کوہلی 21 رنز پر کھیل رہے تھے جب ان کا پہلا کیچ دوسری سلپ میں کھڑے ڈیوڈ ملان نے ڈراپ کیا، 50 رنز بنانے کے بعد بھارتی کپتان کو دوسرا موقع بھی ملان نے ہی دیا۔

 

دو مواقع ملنے کے بعد ویرات نے احتیاط اور سست رفتاری سے بلے بازی کی اورانگلینڈ کے گیند باز بین اسٹوکس کو شاندار کور ڈرائیو لگا کر اپنے سو رنز مکمل کر لیے۔

 

اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے287 رنز بنائے، جواب میں انڈین ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 274 رنز بنا سکی۔کوہلی کی بہترین بلے بازی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جس وقت ٹیم کا گیارہواں کھلاڑی گراونڈ میں آیا، وہ 97 رنز پر کھیل رہے تھے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 217 تھا، انہوں نے چارج لیتے ہوئے آخری وکٹ کے لئے 57 رن جوڑے، اس پارٹنرشپ میں ویرات کوہلی نے 56 رنز بنائے، کوہلی کی یادگار اننگز کی بدولت بھارتی ٹیم کا خسارہ محض 13 رنز کا رہ گیا ہے۔دوسرے دن کے اختتام پر انگلینڈ نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 9 رنز بنا لیے تھے۔