صنعا:یمن میں باغیوں کے علاقے حدیدہ میں سعودی اتحاد کی بمباری سے 20 افراد ہلاک اور 60 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ سعودی اتحاد کی بمباری شہر کے بڑے اسپتال الثورا کے قریب کی گئی تھی۔سعودی اتحاد مارچ 2015 سے حوثیوں سے حالت جنگ میں ہے۔
دوسری جانب بتایا گیا کہ روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 3 ہزار یمنی بچے حدیدہ سے ہجرت کررہے ہیں۔یمن میں کام کرنے والی فلاحی تنظیم سیو دی چلڈرن کا کہنا تھا کہ حدیدہ سے روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 6 ہزار 238 افراد محفوط مقامات کی طرف ہجرت کررہے ہیں۔
ان کے مطابق ہجرت کرنے والے ان افراد میں نصف سے زائد تعداد بچوں کی ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ محفوظ مقامات کی تلاش میں ہجرت کرنے والے افراد کے خاندان کو راستوں میں انتہائی کٹھن مراحل سے گزر نا پڑتا ہے جن میں، بارودی سرنگیں، فضائی حملے اور زمینی جنگ کے مقامات بھی شامل ہیں۔