لاہور : پاکستان نے پُرتگال کے شہرلزبن میں 23تا29ستمبرتک منعقد ہونے والے سیون اے سائیڈ ورلڈ کپ کیلئے پاکستان ٹیم اور ہیڈ کوچ کا اعلان کردیا ہے،منی ورلڈ کپ فٹ بال میں پاکستانی ٹیم کی قیادت آفاق احمد کریں جبکہ کوچ طارق لطفی ہوں گے۔
دو بارکے سیف گیمز گولڈ میڈلسٹ پاکستان کے نامور اور سینئر کوچ طارق لطفی کو32ٹیموں پر مشتمل ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ طارق لطفی کا شمار پاکستان کے آل ٹائم بیسٹ کوچز میں ہوتا ہے جو ماضی میں مین اور وومین نیشنل ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری نبھاچکے ہیں۔وہ ماضی میں پی آئی اے فٹبال ٹیم کو بحیثیت کوچ قومی چیمپئن بنانے کا متعدد بار اعزاز دلاچکے ہیں اور ان دنوں سوئی سدرن گیس میں بحیثیت ہیڈ کوچ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔
پاکستان کو گروپ ’بی‘ میں روس، اسپین اور مالڈوا کے ہمراہ رکھا گیا ہے۔ لیثررلیگس نیشنل چمپئن شپ کی فاتح آئی سی اے ڈبلیو کلب کے 10کھلاڑیوں کے علاوہ دیگر سیمی فائنلسٹ ٹیموں کراچی، کوئٹہ اور پشاور کے بھی ایک ایک کھلاڑی کو پاکستان اسکواڈ کا حصہ بناگیا ہے۔ 14کھلاڑی پاکستان اسکواڈ میں شامل ہونگے۔ سیون اے سائیڈ ورلڈ کپ میں ہر ٹیم 14کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔