اسرائیلی مظالم پر قائد حزب اختلاف جیرمی کے بیانات پر نئی بحث شروع

لندن:برطانوی قائد حزب اختلاف جیرمی کوربن کی جانب سے حماس کے رہا کیے جانے والے قیدیوں کو بھائی کہنے اور فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کو نازیوں سے تشبیہ دینے پر برطانیہ میں نئی بحث چھڑ گئی۔
برطانوی اخبار کے مطابق گزشتہ روز جیرمی کوربن کی دو متنازعہ وڈیوز سامنے آئیں جن میں سے ایک، 2012 میں ایرانی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو کی ہے۔
ویڈیو میں جیرمی کوربن نے اسرائیل کی جانب سے حماس کے رہا کیے جانے والے 1000 قیدیوں کو بھائی کہہ کر مخاطب کیا تھا ، جبکہ 2010 میں ریکارڈ کی گئی ایک اور وڈیو میں وہ لندن میں اسرائیلی ایمبیسی کے باہر مظاہرے کے دوران فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کو نازیوں سے تشبیہ دیتے نظر آرہے ہیں۔
لیبر پارٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ جیرمی کوربن نے قیدیوں کے جرائم کا دفاع نہیں کیا بلکہ ان کے انسانی حقوق پر بات کی ہے۔