اسلام آباد: پی ٹی آئی نےقومی اسمبلی میں 177 ارکان کی حمایت کا دعویٰ کیا ہےاورکہاہےکہ حکومت بنتے ہی ایون فیلڈ کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔پاکستانی قوم کا پیسہ واپس لانا فرض ہے۔فواد چوہدری نے زرداری کا چراغ بجھنے کی بھی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ وزرائے اعلی اور وزارتوں کے فیصلے 11 اگست تک ہوسکتے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان اور جہلم سے نو منتخب رکن قومی اسمبلی فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی کے 177 اور پنجاب اسمبلی کے 186 ارکان کی حمایت حاصل کر لی ہے جبکہ عمران خان وزرائے اعلیٰ اور وزراء سے متعلق فیصلے 11 اگست تک کرسکتے ہیں۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی عرب اور برطانیہ کے سفیروں سے منی لانڈرنگ پر بات ہوئی ہے، سفیروں سے کہا گیا ہے کہ پاکستانی رقوم واپس لانے اور اربوں روپے کی جائیدادیں بنانے والوں کی نشاندہی میں تعاون کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بنتے ہی ایون فیلڈ کا معاملہ برطانیہ کے سامنے اٹھایا جائے گا۔ سوئس بینکوں میں موجود پاکستانیوں کے 200 ارب ڈالرز واپس لانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
صحافی نے سوال کیا کہ کیا آصف علی زرداری سے منسوب سوئس بینک میں رکھی رقوم کا حساب بھی ہوگا؟ تو فواد چودھری کا کہنا تھا چراغ سب کے بجھیں گے، ہوا کسی کی نہیں۔