برن:سوئٹزرلینڈ میں ایک قدیم طیارہ سوئس الپس میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک ہوگئے۔
امریکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق طیارے میں سوار 20 افراد سوئٹزرلینڈ کے جنوبی علاقے میں دوروزہ تفریحی دورے کے بعد واپس آرہے تھے۔
تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا پروپیلر طیارہ ’جنکر جے یو 52‘ ماڈل کا تھا جو کافی پرانا ہوچکا تھا اور اسے سوئس کمپنی ’جے یو ایئر‘ آپریٹ کررہی تھی۔
اب تک حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ طیارہ عموداً پہاڑیوں پر جاکر گرا اور اس 79 سال پرانے طیارے میں بلیک باکس بھی موجود نہیں تھے۔
پولیس کے مطابق طیارے میں عملے کے 3 افراد اور 17 مسافر موجود تھے جن میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچ سکا۔ ہلاک ہونے والوں میں 11 مرد اور 9 خواتین شامل ہیں جن کی عمریں 42 سے 84 برس کے درمیان ہیں۔
اطلاعات کے مطابق طیارے نے لوکارنو کے ماگادینو ایئرفیلڈ سے اڑان بھری اور 50 منٹ بعد ہی حادثے کا شکار ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ حادثے سے قبل پائلٹ کی جانب سے کوئی ایمرجنسی سگنل بھیجا گیا تھا یا نہیں۔