شدیدگرمی ،لوڈشیڈنگ ،اسکولوں کی چھٹیوں میں10روز کا اضافہ

پشاور:خیبرپختونخوا میں گرمی میں اضافے کی وجہ سے اسکولوں میں 10 روز کے لیے چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔
اسکولوں میں چھٹیوں کے احکامات نگراں وزیراعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان نے جاری کیے، وزیراعلیٰ کے حکم کے مطابق نجی اور سرکاری دونوں اسکولز کے لیے حکم جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق اسکولز 6 اگست سے 14 اگست تک بند رہیں گے۔
صوبے میں شدید گرمی کی وجہ سے اسکولوں میں بچوں کے بے ہوش ہونے کے واقعات رونما ہو رہے تھے جس پر والدین کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ سے چھٹیوں کی درخواست کی گئی تھی۔والدین کی جانب سے کی گئی درخواست کا نگراں وزیراعلیٰ نے نوٹس لیتے ہوئے چھٹیوں کے احکامات جاری کیے اور حکم کی تعمیل کے لیے ریگولیٹری اتھارٹی کو کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے سکولوں کو بند کرنے کے علاوہ جرمانہ بھی کیا جا سکتا ہے۔سرکاری اعلان کے بعد مالاکنڈ کے صدر پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن امجد علی نے بھی سکول بند رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے چھٹیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔